
جموں: جموں و کشمیر کے اودھم پور ضلع کے رام نگر علاقے میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ کھگوٹ کے علاقے میں بس بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 15 مسافر موقع پر ہی جاں بحق اور20 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ نے راحت اور بچاؤ کام شروع کیا۔ کئی ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں، اور زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے رام نگر، ادھم پور میں ہونے والے المناک بس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور بچاؤ کارروائیوں کے بارے میں معلومات شیئر کیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا ایکس پر کہا کہ انہوں نے ادھم پور کے ضلعی ڈپٹی کمشنر سے بات کی ہے اور انتظامیہ پوری طرح سے تیار ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے لکھا، “میں نے ابھی ابھی اودھم پور کے ڈی سی منگا شیرپا سے بات کی ہے اور کنوٹے گاؤں کے قریب المناک سڑک حادثے کا علم ہوا ہے۔ رام نگر سے ادھم پور جانے والی ایک پبلک ٹرانسپورٹ بس حادثے کا شکار ہوگئی ہے۔ فوری طور پر راحت اور بچاؤ کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔”
حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہونے کا خدشہ ہے۔ ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے منتقل کیا جائے گا، شدید زخمیوں کو ایئرلفٹ کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ میں مقامی انتظامیہ اور راجندر شرما کی قیادت میں مقامی کارکنوں کی ہماری ٹیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔”
مقامی ٹریفک متاثر ہوئی۔ پولیس نے اطراف کی ٹریفک کا رخ موڑ دیا۔ واقعہ سے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔ مقامی لوگ سڑکوں کی بہتری اور ٹریفک کے بہتر انتظام کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ بس حادثات کو روکا جا سکے۔

